پاکستان کا دہشتگردی کے خاتمے کیلئے چین کیساتھ ملکر کام کرنے کا عزم

اسلام آباد (آواز نیوز) پاکستان نے چینی شہریوں پر حملے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پاک چین دوستی پر حملہ قرار دے دیا۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں کراچی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی شہریوں پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو شکست دینے کے لیے پاکستان چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب دہشت گردی کے واقعے میں 2 چینی انجینئرز جان سے گئے اور ایک زخمی ہوا، پاکستان اس واقعے میں چین اور پاکستان دونوں کے متاثر ہونے والے افراد کے خاندانوں سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتا ہے، واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ کراچی میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائی پاک چین پائیدار دوستی پر حملہ تصور کرتے ہیں اور اس بزدلانہ کارروائی کرنے والے عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر سخت سزا دینے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک اپنی چینی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ان کے عبرت ناک انجام تک پہنچا کر دم لیں گے، وزارت خارجہ چینی سفارت خانے کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور پاکستان اور چینی شہریوں کی سلامتی کے لیے اپنے عزم کو اعادہ کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں