اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری ، 46 فلسطینی شہید

غزہ : (ویب ڈیسک ) غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ تھم نہ سکا، صیہونی فوج کی بمباری میں 46 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی پٹی میں صحت کے عہدیداروں نے بتایا ہے کہ زیادہ تر شہادتیں شمالی غزہ میں ہوئیں جہاں اسرائیلی فوج نے ایک ہسپتال پر بھی بمباری کی، اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں طبی سامان کو آگ لگ گئی اورزخمیوں کے علاج معالجے کی سرگرمیوں میں خلل پڑا۔اسرائیلی فوج نے حماس پر بیت لاہیہ میں کمال عدوان ہسپتال کو فوجی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہاں “درجنوں دہشت گرد” چھپے ہوئے ہیں۔ صحت کے حکام اور حماس ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔شمالی غزہ وہ علاقہ جہاں اسرائیل نے کہا ہے کہ اس نے حماس کے کمانڈ سینٹر کو ختم کر دیا ہے، اب اس پٹی میں اسرائیلی فوجی کارروائی کا سب سے بڑا ہدف ہے۔رواں ماہ کے اوائل میں اسرائیل نے جبالیہ، بیت حانون اور بیت لاہیہ میں ٹینک بھیجے تھے تاکہ ان عسکریت پسندوں کو ختم کیا جائے جو اس کے بقول وہاں دوبارہ منظم ہو گئے تھے۔بیت لاہیہ کے کمال عدوان ہسپتال میں نرسنگ کے ڈائریکٹر عید صباح نے خبررساں ادارے کو بتایا کہ اسرائیلی حملے میں ہسپتال کی تیسری منزل کو نشانہ بنایا گیا جہاں طبی عملے کے کچھ کارکن زخمی ہوگئے۔اسرائیل نے کہا ہے کہ اس نے ہسپتال پر حملے کے دوران حماس سے تعلق رکھنے والے تقریباً 100 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے ، اسرائیلی ٹینک اب بھی قریب ہی کھڑے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں