بنوں: (آواز نیوز) بنوں میں سکیورٹی فورسز کی مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں مقابلے کے دوران 12 اہلکار شہید ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں کے علاقے میں مشترکہ چیک پوسٹ پر خوارج کی جانب سے حملے کی کوشش کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 6خوارج ہلاک کر دیئے گئے جبکہ خوارج کے خود کش حملے میں 12 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید ہونے والوں میں سکیورٹی فورسز کے 10 اہلکار اور 2 فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکار شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے خوارج کی جانب سے چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنائی، داخل ہونے کی کوشش ناکام ہونے پر خوارج نے بارود سے بھری گاڑی پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خوارج کے خود کش دھماکے سے چیک پوسٹ کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا، خود کش دھماکے سے ملحقہ انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچا جس سے 12 شہادتیں ہوئیں۔
