صدر ٹرمپ کی حلف برداری کی خوشی میں نیویارک سمیت 28 ریاستوں میں امریکی پرچم سربلند رہیں گے


نیویارک( آواز نیوز) نیویارک سٹیٹ سمیت 28 ریاستوں میں صدر ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب کی خوشی میں 20 جنوری کو امریکی پرچم بلند کیا جائے گا۔ جبکہ 21 جنوری کو سابق صدر جمی کارٹر مرحوم کی یاد میں پرچم دوبارہ سرنگوں کردیا جائے گا۔ نیویارک سٹیٹ کی گورنر کیتھی ہوکل نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی جمہوری اقدار اور اتحاد و یکجہتی کے طور سے پرچم بلند کیا جائے گا۔ان دنوں امریکی وفاقی اداروں اور مسلح افواج کے ہیڈ کوارٹرز کی عمارتوں اور مقامات پر صدر جمی کارٹر کی یاد میں پرچم نصف بلند یعنی سرنگوں رکھے جارہے ہیں۔جمی کارٹر 29 دسمبر کو 100 سال عمر میں چل بسے تھے۔ گورنر کیتھی ہوکل نے کہا چونکہ ہم اقتدار کی پرامن منتقلی کی صدیوں پرانی روایت منارہے ہیں اس لئے صدر ٹرمپ کی حلف برداری کی خوشی میں پوری نیویارک ریاست میں امریکی پرچم مکمل سربلند رہے گا جبکہ 21 جنوری کو دوبارہ سرنگوں پوزیشن پر کردیا جائے گا۔ ریپبلکنز کی جانب سے اس جذبہ خیر سگالی کا خیر مقدم کیا جارہا ہے۔میتھی ہوکل کے علاوہ کیلیفورنیا اور نارتھ کیرولائنا کے لبرل ڈیموکریٹس گورنرز نے بھی امریکی پرچم بلند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔قبل ازیں کانگریس کے سپیکر مائیک جانسن نے کیپٹل ہل کے لئے بھی یہی اعلان جاری کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں