امریکی صدر کا ’’آئرن ڈوم‘‘ میزائل شیلڈ کی منصوبہ بندی شروع کرنے کا حکم

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے’’آئرن ڈوم‘‘ میزائل شیلڈ کی منصوبہ بندی شروع کرنے کا حکم دے دیا۔عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کے لئے اسرائیل کی طرز کے ’’آئرن ڈوم‘‘ ایئر ڈیفنس سسٹم کی منصوبہ بندی شروع کرنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیئے، اسرائیل اس جدید دفاعی نظام کو ہزاروں راکٹوں کو روکنے کے لئے استعمال کرتا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر دفاع کو حکم دیا کہ وہ 60 دنوں کے ’’نیکسٹ جنریشن میزائل ڈیفنس شیلڈ‘‘ کے لئے عمل درآمد کا منصوبہ پیش کریں جو کہ بیلسٹک، ہائپرسونک اور جدید کروز میزائلوں سے بچاؤ سمیت خلائی پر مبنی انٹرسیپٹرز کو ترقی دے کر بنایا گیا ہے۔عالمی میڈیا نے مزید بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 2024ء کی انتخابی مہم کے دوران بارہا وعدہ کیا کہ وہ امریکا کے لئے اسرائیل کی طرز کے آئرن ڈوم سسٹم کا ایک ورژن بنائیں گے تاہم انہوں نے اس حقیقت کو نظر انداز کر دیا کہ یہ نظام مختصر فاصلے کے خطرات کے لئے بنایا گیا ہے، جس کی وجہ سے یہ بین البراعظمی میزائلوں کے خلاف دفاع کے لئے موزوں نہیں ہے جو امریکا کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ایگزیکٹو آرڈر میں مخالفین کا نام لئے بغیر ان کی میزائل لانچنگ صلاحیتوں کی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ گزشتہ 40 سالوں میں اگلی نسل کے سٹریٹجک ہتھیاروں سے خطرہ کم ہونے کی بجائے زیادہ شدید اور پیچیدہ ہو گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں