کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو شکست دیدی

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 13ویں میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 188 رنز بنائے۔ کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف آخری اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا تو محمد عمران نے پہلی ہی گیند پر شرجیل خان کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ دیا۔ جوئے کلارک بھی 17 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور کولن انگرام صرف 3 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔بابراعظم اور محمد نبی نے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا اس موقع پر بابراعظم نے محتاط انداز اپنائے رکھا تو محمد نبی نے زلمی کے بھرپور لاٹھی چارج کیا۔ محمد نبی 35 گیندوں پر 67 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ایک اور ذمہ دارنہ اننگز کھیلتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور وہ 77 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے ثاقب محمود نے 2، محمد عمران اور محمد عرفان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل میچ کا ٹاس کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے جیت کر پہلے پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور ٹام کوہلر کوڈمور نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں کھلاڑی بالترتیب 21 اور 10 رنز بنانے کے بعد پی ایس ایل میں ڈیبیو کرنے والے عباس آفریدی کا شکار بنے۔وہاب ریاض کی غیر موجودگی میں کپتانی کے فرائض انجام دینے والے شعیب ملک بھی صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور حیدر علی بھی اس میچ میں ناکام رہے وہ صرف 9 رنز ہی بناسکے۔روی بوپارہ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی وہ 58 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، شیرفین ردرفورڈ نے 46 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ عماد بٹ نے صرف 7 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی اور محمد الیاس نے 2،2 اور ڈینئل کرسچن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں