واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس سے یرغمالیوں کی رہائی کیلئے بات کرنے کی تصدیق کر دی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ حماس سے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے بات کی ہے، حماس کو غزہ میں قید تمام یرغمالیوں کو رہا کرنا ہو گا۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یوکرین کی مدد کیلئے اربوں ڈالرز دیئے، چاہتا ہوں روس اور یوکرین کے درمیان جلد جنگ بندی کا معاہدہ ہو جائے، چینی صدر کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، ٹک ٹاک میں دلچسپی ہے، امید ہے کہ چین کے ساتھ معاملات طے پا جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک سمیت غیرملکی ایپس پر پابندی سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے، سٹیل اور ایلومینیم پر محصولات میں ترمیم نہیں کی جائے گی۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میکسیکو اور کینیڈا پر ٹیرف کو 2 اپریل تک مؤخر کیا ہے، 2 اپریل امریکی تاریخ کا اہم دن ہو گا، امریکا میں تارکینِ وطن کا داخلہ روکنے کے حوالے سے اقدامات کر رہے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کینیڈا اور بھارت ہماری مصنوعات پر سب سے زیادہ ٹیکس لگاتے ہیں، جوبائیڈن انتظامیہ کی غلط پالیسی سے افغانستان کو نقصان اٹھانا پڑا۔صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب اور روس کے ساتھ تجارتی معاہدہ چاہتے ہیں، جو ممالک اپنی افواج پر مناسب اخراجات نہیں کر رہے وہ دفاع کے مستحق نہیں، سعودی عرب کے دورے کا ارادہ رکھتا ہوں۔
