نیویارک( آواز نیوز) نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں پہلے امریکن پاکستانی کیپٹن وحید اختر کو ڈپٹی انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دیدی گئی ہے۔ وہ نیویارک پولیس میں مسلم امریکن افسروں کی تنظیم مسلم آفیسرز سوسائٹی کے صدر بھی ہیں۔ وحید اختر اس عہدے پر فائز ہونے والے چوتھے امریکُن پولیس آفیسر ہیں. ون پولیس پلازہ میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران وحید اختر اورترقی پانے والے دیگر افسران کو سرٹیفکیٹس دئیے گئے۔ کمشنر جسیکا ٹش نے ڈپٹی انسپکٹر وحید اختر کے شولڈر اور سینے پر پن اور بیج لگائے۔وحید اختر کے علاوہ کچھ اور پاکستانی امریکن نوجوانوں کو بھی ترقی دی گئی۔ جن میں فیاض خان بھی شامل ہیں۔ جو کیپٹن کے عہدے پر ترقی پاگئے ہیں۔امریکن پاکستانی کمیونٹی کے اراکین بھی پولیس افسروں کی اس پروموشن تقریب میں شریک تھے۔کمیونٹی نے وحید اختر کی ترقی پر انہیں مبارکباد دی ہے۔ایم او ایس نے بھی اپنے صدر کی ترقی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔


