اسلام آباد: (آوازنیوز) امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت پاکستان پر حملے کیلئے کیس بنا رہا ہے، بھارتی حکام پہلگام واقعے سے متعلق کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے۔امریکی اخبار کے مطابق پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے 100غیر ملکی مشنز کے سفارتکاروں کو وزارت خارجہ بلا کر بریفنگ دی۔اخبار کے مطابق بھارتی حکام نے کہا کہ ان کی تحقیقات جاری ہیں، انہوں نے پہلگام واقعے کے ذمہ داروں کے چہروں کی شناخت کے ڈیٹا سمیت تکنیکی انٹیلی جنس کے بارے میں مختصر حوالے دیئے۔تجزیہ کاروں اور سفارتکاروں کے مطابق اس بریفنگ میں بھارت واقعہ سے متعلق کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکا۔نیویارک ٹائمز کے مطابق اب تک ٹھوس شواہد کی عدم فراہمی سے دو میں سے ایک امکان کی نشاندہی ہوتی ہے کہ بھارت کو معلومات اکٹھی کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان بریفنگز سے آگاہ 4 سفارتکاروں نے بتایا کہ نئی دہلی بظاہر اپنے ہمسایہ اور روایتی دشمن کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے کیس بنا رہا ہے۔علاوہ ازیں معروف امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے اپنی ایک اہم رپورٹ میں بھارت کے جنگی جنون کا پردہ فاش کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ نریندر مودی حکومت اپنے اندرونی خلفشار سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کو جنگ کی دھمکیاں دے رہی ہے۔نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پہلگام فالز فلیگ آپریشن کے فوری بعد بھارت نے روایتی انداز میں پاکستان پر الزام عائد کر دیا، مودی نے پاکستان کے خلاف اقدامات میں مدد اور تعاون حاصل کرنے کے لیے درجنوں عالمی رہنماؤں سے رابطہ کیا۔پورٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ بھارت عالمی برادری میں کشیدگی کم کرنے کے بجائے پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کا جواز تیار کر رہا ہے، مودی نے پاکستان پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام عائد کیا ہے اور شدید ردعمل کی دھمکی بھی دی۔نیو یارک ٹائمز نے بتایا کہ بھارتی وزارت خارجہ میں سفارت کاروں کو دی گئی بریفنگ میں بھارتی حکام نے ہندوستان کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد گروپوں کی حمایت کرنے پر پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا تاہم بھارتی تجزیہ کاروں اور سفارتکاروں کے مطابق خود بھارت کو پاکستان پر حملہ کرنے سے پہلے کسی دہشت گردانہ حملے کے بارے میں معتبر معلومات اکٹھی کرنے کی ضرورت ہے۔اخبار نے یہ بھی نشاندہی کی کہ بھارت نے 1960 کے انڈس واٹر ٹریٹی (سندھ طاس معاہدے) کو معطل کر دیا ہے۔نیو یارک ٹائمز نے زور دے کر کہا کہ مودی حکومت نے پہلگام حملے کے حوالے سے اب تک پاکستان کے خلاف کوئی عوامی سطح پر ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا جس پر دیگر ریاستوں نے بھی بھارت سے قابل اعتماد شواہد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق بھارت نے سفارتی تعلقات کو محدود کرتے ہوئے بعض سفارتکاروں کو ملک بدر کر دیا ہے اور ویزے منسوخ کر دیئے ہیں۔نیو یارک ٹائمز نے یہ بھی نشاندہی کی کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے جس کے نتیجے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بڑھ گئی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ بھارت میں مسلم مخالف جذبات بھی شدت اختیار کر چکے ہیں اور کشمیری طلبہ کو ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں تعلیمی اداروں سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔معروف امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی یہ رپورٹ خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بھارت کے جارحانہ رویے پر ایک اہم روشنی ڈالتی ہے۔
