افغانستان میں مختلف واقعات میں سیکیورٹی اہلکاروں اور بچے سمیت 7 افراد ہلاک

کابل: افغانستان میں بم دھماکوں اور ٹارگنگ کلنگ کے مختلف واقعات میں افغان آرمی کے کرنل سمیت 4 سیکیورٹی اہلکار اور 3 شہری ہلاک ہوگئے۔افغانستان کے صوبہ بلخ کے ضلع بلخ میں دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے اور دھماکے میں 3 فوجی اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔صوبائی گورنر کے ترجمان عادل شاہ عادل نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بم ایک ٹرالی میں نصب کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو قریبی اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے تاہم دھماکے کی ذمہ داری اب تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔افغان میڈیا کے مطابق صوبہ کاپیسا اور صوبہ سرپل میں دو مختلف واقعات میں دو مقامی آرمی کے اہلکار، ایک نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) اہلکار اور ایک عام شہری ہلاک ہوئے۔کپیسا کے صوبائی پولیس چیف کے مطابق این ڈی ایس اہلکار خواجہ عتیق اللہ اور اس کے کزن کو نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگئے۔ صوبہ سرپل میں مقامی آرمی اہلکاروں کی ہلاکت سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ہوئی۔دوسری جانب افغانستان کے صوبہ پکتیا میں طالبان حملے میں کرنل فریدون فیاض ہلاک ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق کرنل فریدون فیاض اپنی گاڑی میں آفس جارہے تھے کہ لوگار پکتیا ہائی وے پر طالبان نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں