عالمی برادری ایران کو جوہری پروگرام سے باز رکھے، سعودی عرب

ریاض: سعودی عرب نے ایران کی جانب سے یورینیئم افزودگی کو 60 فیصد تک بڑھانے کے اعلان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری ایران کو جوہری پروگرام سے باز رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کو توسیع دینے کے عمل پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ 60 فیصد تک یورینیئم افزودگی کے اعلان پر تشویش ہے۔سعودی وزارت خارجہ نے ایران کو جوہری پروگرام پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جوہری معاہدوں، عالمی برادری کے توقعات اور پابندیوں کی پاسداری کرے ورنہ خطے کا امن خطرے میں پڑجائے گا۔وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو مقررہ حد سے زیادہ یورینیئم افزودگی سے روکا جائے اور عالمی جوہری معاہدے پر عمل پیرا ہونے پر مجبور کیا جائے۔ایرانی قیادت نے گزشتہ روز اس بات کی تصدیق کی تھی کہ اگلے ہفتے سے وہ 60 فیصد تک یورینیئم افزودگی کریں گے اور اس حوالے سے نطنز کے جوہری پلانٹ میں کام جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں