کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔وزیرداخلہ شیخ رشید نے ایک بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ 23 اپریل کو این سی سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال اور عوام کو ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کے لئے فوج کی خدمات لی جائیں، وہ فوج جس نے ہمیشہ سیلاب،زلزلے اور آفات میں اپنے ملک اور قوم کی خدمت کی اورساتھ کھڑی رہی۔شیخ رشید کا کہنا تھاکہ وزارت داخلہ نے کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے فوج کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتیں اپنی اپنی ضرورت کے مطابق ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے پاک فوج سے مدد لے سکیں گی، تاہم نوٹیفکیشن میں فی الحال سندھ شامل نہیں ہے۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں روزانہ کی بنیاد پر 3 ساڑھے 3 لاکھ کورونا کیسز سامنے آرہے ہیں، وہاں کورونا وبا کی وجہ سے قبرستان اور شمشان گھاٹ ایک ہو چکے ہیں، ایسی صورتحال سے بچنے کے لئے فوج کی تعیناتی کا فیصلہ بہت بڑا اور اہم ہے تاکہ پاکستان میں عوام ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں