محمد رضوان بھارتی کرکٹر محمد شامی کی حمایت میں میدان میں آگئے

دبئی: پاکستانی کھلاڑی محمد رضوان بھارتی ٹیم کے واحد مسلمان کھلاڑی محمد شامی کی حمایت میں میدان میں آگئے۔اتوار کو ٹی 20 ورلڈ کپ میچ میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی 10 وکٹوں سے عبرت ناک شکست کے بعد سے بھارتی شائقین اور ہندو انتہا پسند شکست کا سارا ملبہ محمد شامی پر گرا رہے ہیں۔ بات صرف تنقید تک محدود نہیں بلکہ ہندو انتہا پسند محمد شامی کو ان کے مسلمان ہونے کی بنا پر غدار اور پاکستانی ایجنٹ سمیت نہ جانے کیا کچھ برے القاب سے پکار رہے ہیں۔مودی حکومت کی جانب سے بھارت میں فروغ دی گئی ہندو انتہا پسندی اور مسلم مخالفت کے نتائج اب کھیل سمیت ہر شعبے میں نظر آنے لگے ہیں۔ محمد شامی پر تنقید کے جواب میں بعض بھارتی شہریوں نے اپنی ٹیم سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کڑے وقت میں محمد شامی کا ساتھ دیں تاہم تاحال ٹیم کی جانب سے کوئی پیغام سامنے نہیں آیا ہے۔ایسے کڑے وقت میں پاکستانی ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان نے محمد شامی کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایک کھلاڑی اپنے ملک و عوام کے لیے جس دباؤ، مشکلات اور قربانیوں سے گزرتا ہے اس کا اندازہ کوئی نہیں لگاسکتا۔ شامی ایک اسٹار کھلاڑی ہے اور دنیا کے بہترین باؤلرز میں سے ایک ہے، مہربانی کرکے اپنے اسٹارز کی عزت کریں، یہ کھیل لوگوں کو تقسیم کرنے کےلیے بلکہ متحد کرنے کا ذریعہ ہونا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں