پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرض کا معاہدہ طے پاگیا

اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے اور پاکستان کے درمیان اسٹاف لیول پر قرض کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ارنیسٹو رامیرزو ریگو کی قیادت میں IMF کے توسیعی فنڈ سہولت کے تعاون سے 4 اکتوبر سے 18 نومبر کے درمیان آئی ایم ایف 2021 کے آرٹیکل نمبر 4 برائے مشاورت اور حکام کے چھٹے اصلاحاتی جائزہ پروگرام کے تحت ورچوئل مذاکرات کا انعقاد کیا گیا۔اعلامیہ کے مطابق توسیعی فنڈ سہولت کے تحت چھٹے جائزہ کو مکمل کرنے کے لیے پالیسی اور اصلاحات پر پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول کا معاہدہ طے پاگیا ہے تاہم پیشگی اقدامات کے نفاذ خاص طور پر مالیاتی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے بعد آئی ایم ایف ایگزیکٹوبورڈ کی جانب سے اس معاہدہ کی منظوری دی جائے گی۔معاہدے کی منظوری کے بعد آئی ایم ایف پاکستان کو ایک ارب 5 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا قرضہ جاری کرے گا جس کے بعد آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو فراہم کردہ رقم کی مجموعی مالیت 3 ارب20 لاکھ 70 ہزار ڈالر ہوجائے گی۔آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے جون تک کارکردگی کے اہداف بڑے مارجن سے حاصل کرلیے ہیں جب کہ عالمی مالیاتی ادارے نے فیٹف پلان پر عمل درآمد، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کی کارکردگی کی تعریف بھی کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں