امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے زیراہتمام حلال ٹرکی اور گروسری کی تقسیم کا شاندارایونٹ

صدرعلی رشید، ایگزیکٹو ممبر چوہدری نوید پلاگراں اور انکے ساتھیوں نے کوئنز میں 300 سے زائد افراد میں حلال ٹرکی اور گروسری تقسیم کی، اسمبلی ڈیوڈ ویپرن کی خصوصی شر کت
نیویارک( خصوصی رپورٹ)امریکی پاکستانی نوجوانوں کی نمائندہ سیاسی ایڈووکیسی تنظیم امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ APAG)کے زیراہتمام کوئنز(نیویارک) کے علاقے رچمنڈ ہل میں یوم اظہار تشکر(Thanksgiving Day) کے موقع پر مستحق اور ضرورتمند افراد میں 300 سے زائد حلال ٹرکیاں تقسیم کی گئیں.اس کے علاوہ لوگوں کو گراسری بھی دی گئی جن میں آٹا، چاول،تازہ پھل اور سبزیاں،انڈے، ڈبل روٹی اور کھانے پینے کی دیگر اشیاء شامل تھیں.APAG کے صدر علی رشیدایگزیکٹو ممبر چوہدری نوید انور پلاگراں،ہاشم ملک، نومی ملک،محمد احمد، سلطان رشید،معیز علی، انیسہ ریاض،زینب انجم، تہمینہ خان اور دیگر نے سیکنڑوں لوگوں میں حلال ٹرکیاں اور دیگر اشیاء تقسیم کیں.سخت سردی کے باوجود تھینکس گیونگ پر کمیونٹی کی خدمت سے سرشار گروپ کے ممبران لوگوں کی مدد کرتے رہے.

اس موقع پر اسمبلی مین ڈیوڈ ویپرن بھی موجود تھے.جو APAG کی خدمات کے معترف ہیں اور اسکی سرگرمیوں میں شرکت کرتے رہتے ہیں.انہوں نے اس موقع پر کہا کہ مجھے اپنے اچھے دوست علی رشید کے ساتھ APAG کے ایک اور عظیم کمیونٹی سروس میں شرکت کرکے خوشی ہورہی ہے.انہوں نے کہا کورونا کے ابتدائی دنوں سے لیکر اب تک جسطرح مستحق اور ضرورتمند افراد میں کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر ضروریات کی چیزیں تقسیم کرتے آرہے ہیں وہ قابل ستائش بات معاشرہ ہمیں بہت کچھ دیتا ہے ہم معاشرے کو کیا کچھ دے سکتے ہیں علی رشید اور APAG کے ممبران اسکی عملی مثال ہیں.آج بھی گروپ نے سخت سرد موسم کے باوجود تھینکس گیونگ کے سلسلے میں300 سے زائد حلال ٹرکیاں اور بڑی تعداد میں گروسری کے پیکٹس تقسیم کئے.APAG کی پوری ٹیم اسکے لئے مبارکباد کی مستحق ہے.انہوں نے کہا کہ آج غالبا اب تک اس موسم کا سرد ترین دن ہے مگر نوجوانوں کے حوصلے پُرعزم ہیں. گروپ کے زیراہتمام ایک اور فوڈ ڈرائیو کامیابی سے ہمکنار ہوئی.انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو تھینکس گیونگ ڈے کی مبارکباد بھی دی.انکے علاوہ اسمبلی وومین ایڈرائین ایڈمز کی چیف آف سٹاف کیتھرائن مونی نے بھی APAG کے ہمراہ ٹرکی اور گروسری تقسیم کیں.صدر علی رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گروپ جہاں امریکی سیاست میں کمیونٹی کو فعال رکھنے اور مین سٹریم سیاست میں سرگرم حصہ لینے میں مصروف ہے وہی مستحق افراد کی خدمت میں بھی پیش پیش ہے.کورونا کے دوران اور اب بھی مختلف مواقع پر ہماری تنظیم دُکھی انسانیت کی خدمت کررہی ہے. آج بھی 300 سے زائد افراد مستفیض ہوئے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کورونا کے اثرات موجود ہیں اور لوگوں کو کھانے پینے کی ضرورت آج بھی بہت زیادہ ہے. انہوں نے کہا کہ ہم اللہ پاک کے شکرگزار ہیں کہ اس نے ہمیں کمیونٹیز کی خدمت کا موقع فراہم کیا.APAG انسانیت کی خدمت کا مشن جاری رکھے گا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں