نیویارک(رپورٹ: ایم آر فرخ)امریکی صدر جو بائیڈن ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرنے والے ہیں جس کے پاسپورٹ کے اجراء سمیت تمام حکومتی سروسز آن لائن فراہم کی جائیں گی.ایگزیکٹو آرڈر کے تحت 17 وفاقی ایجنسیوں کو ہدایت کی جائے گی کہ امریکی عوام سے معاملات کرنے کےطریقہ کار میں تبدیلی کی جائے اور پاسپورٹ سمیت اہم سروسز کی فراہمی آن لائن کی جائے.وائیٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹو آرڈر کے باعث عوام کو جدید طریقے سے خدمات فراہم کی جائیں گی ٹیکنالوجی کا زیادہ استعمال کیا جائے گا. اور بیشتر سروسز آن لائن مہیا ہونگی.صدر بائیڈن کے سینئر پالیسی ایڈوائزر نیرا ٹنڈن نے کہا کہ ہم نے دیکھا ہے کہ لوگوں کو ٹیکسز کی فائلنگ، سوشل سکیورٹی مراعات کے حصول سمیت بیشتر سروسز کے حوالے سے حکومتی ایجنسیوں سے شکایتیں رہتی ہیں.
انہوں نے کہا ہم عوام کی شکایتوں اور تکلیفوں کو کم کرنا چاہتے ہیں.ایگزیکٹو آرڈر میں ان ایجنسیوں پر توجہ دی گئی ہے جن کا عوام سے زیادہ رابطہ یا واسطہ رہتا ہے.اور 30 مختلف سروسز کا جائزہ لیا گیا ہے جن میں بہتری اور جدت لائی جائے گی.پاسپورٹ ہولڈرز کو پاسپورٹ کی تجدید کے لئے آن لائن سہولت فراہم کی جائے گی.اسی طرح قدرتی آفات کا شکار افراد کو تباہ شدہ املاک یا بزنس کی تصاویر اپنے موبائل سے اپ لوڈ کرنے کی اجازت ہوگی.آفس آف مینجمنٹ اور بجٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جیسن ملر کا کہناہے کہ ایک سال کے اندر تمام سروسز آن لائن دستیاب ہونگی. لوگوں میں ذہنی تناؤ کم ہونے کے ساتھ انہیں فوری خدمات بھی مہیا ہونگی.نیرا ٹنڈن اور جیسن ملر نے کہا کہ وائیٹ ہاؤس کے وسیع تر منصوبے کے باوجود مذکورہ آرڈر پر عملدرآمد کا انحصار دستیاب وسائل پر ہے۔جن میں یونائیٹڈ سٹیٹس ڈیجیٹل سروسز کا محکمہ شامل ہے.وائیٹ ہاؤس کی یہ ٹیک ٹیم سابق صدر باراک اوبامہ کے دور میں قائم ہوئی تھی.