کورونا زدہ زلمی کوگلیڈی ایٹرز کا چیلنج درپیش

لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں جمعے کے روزکورونا زدہ پشاورزلمی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا چیلنج درپیش ہوگا۔وہاب ریاض کی عدم موجودگی میں کمان شعیب ملک سنبھالیں گے، سرفراز احمد کو شاہدآفریدی کی کمی محسوس ہوگی، عمر اکمل کی واپسی کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق پشاوزلمی کی ٹیم 2017 کا ٹائٹل جیت چکی ہے اسے سب سے زیادہ 4 فائنلز کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ گذشتہ ایڈیشن کے فیصلہ کن میچ میں ملتان سلطانز نے شکست دے کر دوسرا ٹائٹل جیتنے کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا تھا،دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم2019میں چیمپئن بنی،وہ ابتدائی دونوں سیزنز میں رنرز اپ بھی رہی،گذشتہ ایڈیشن میں گلیڈی ایٹرز چھٹے اور آخری نمبر پر رہے تھے۔بدقسمتی سے پشاور زلمی کو اس میچ کیلیے کپتان وہاب ریاض کی خدمات حاصل نہیں ہیں، فاسٹ بولرکورونا وائرس کا شکار ہیں،ان کی غیر موجودگی میں پشاورزلمی کی بولنگ کا شعبہ قدرے کمزور ہوگا مگر قیادت کا بوجھ اٹھانے کیلیے تجربہ کار شعیب ملک موجود ہیں،آل راؤنڈر بیٹ اور بال دونوں سے میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،کورونا وائرس کے شکار کامران اکمل کی جگہ امام الحق کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔حضرت اللہ زازئی، ٹام کوہلر کیڈمور اور حسین طلعت چھکے چھڑانے کی کوشش کرینگے،حیدر علی بھی صحتیاب ہوچکے، گذشتہ سیزن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تینوں بیٹرز ملتان سلطانز کیخلاف پریکٹس میچ میں بھی فارم میں نظر آئے تھے،کورونا پازیٹو ارشد اقبال کا خلا پْرکرنے کیلیے عماد بٹ کو پیس بیٹری کا حصہ بنا لیا گیا،سہیل خان کی الیون میں جگہ بننے کا امکان ہے،میٹ پارکنسن بھی سلیکشن کیلیے دستیاب ہیں۔اسپنر عثمان قادر ٹرمپ کارڈ ثابت ہوسکتے ہیں،دوسری جانب چند روز قبل تک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے غیر ملکی کرکٹرز کے کورونا کی زد میں آنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، اب شاہد آفریدی بھی جکڑے گئے۔سرفراز احمد، بین ڈکٹ، بین لارنس، احسان علی اور افتخار احمد کو بیٹنگ کا بوجھ اٹھانا ہوگا،عمر اکمل کی واپسی کا امکان ہے، آسٹریلوی آل راؤنڈر جیمز فالکنر کی بھی کراچی آمد ہوچکی،محمد نواز بیٹ اور بال دونوں سے کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں، نسیم شاہ اور سہیل تنویر اہم پیسرز ثابت ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں