عام آدمی کے ریلیف کے لیے وزیراعظم نے صنعت کاروں اور تاجر برادری سے تعاون مانگ لیا

اسلام آباد: حکومت اور ملک کے معروف صنعت کاروں و تاجروں نے کم سے کم ماہانہ اجرت بڑھانے پر اتفاق کرلیا جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے صنعت کاروں اور بزنس مین سے تعاون مانگ لیا۔ وزیر اعظم عمران خان کی اسلام آباد میں معروف صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے ملاقات ہوئی، جس میں صنعتوں کے فروغ کے لیے طویل المدت پالیسیوں کے تسلسل پر زور دیا گیا جبکہ حکومت اور صنعتکاروں کا کم سے کم ماہانہ اجرت بڑھانے پر اتفاق بھی کرلیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت عالمی منڈی میں ہونے والی مہنگائی کا عام آدمی پر پڑنے والے بوجھ کا احساس رکھتی ہے، عام آدمی کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ صنعت کار اور بزنس مین عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر چلیں، پاکستان تحریک انصاف نے حکومت میں آنے سے پہلے ہی پارٹی منشور میں آئی ٹی اور ٹیکسٹائل برآمدات کی پالیسی شامل کی تھی جس کے ثمرات اب واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملک کی دس بڑی کمپنیوں نے پچھلے سال 929 ارب روپے منافع کمایا، حکومت نے سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کے لیے تاریخی اقدامات کیے جو پہلے کسی حکومت نے نہیں کیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں