شیخ رشید نے خونی لانگ مارچ کا بیان واپس نہ لیا تو گھر سے نکلنے نہیں دوں گا، وزیر داخلہ

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ شیخ رشید نے خونی لانگ مارچ کا بیان واپس نہ لیا تو اسے گھر سے نکلنے نہیں دوں گا۔رانا ثنا اللہ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان فرخ گوگی کے وکیل بنے ہوئے ہیں، عمران خان نے ایمنسٹی اسکیم بھی فرح گوگی کے لیے رکھی تھی، گوگی پر الزامات کی انکوائری ہو رہی ہے اس کے بعد کارروائی کی جائے گی، اسے بیرون ملک سے ریڈ وارنٹ کے ذریعے بھی واپس لانا پڑا تو لائیں گے، عثمان بزدار تو صرف نام کا وزیراعلی تھا، اصل میں تو فرح گوگی تھی۔یرانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان لوگوں اور کارکنوں کو گمراہ کررہے ہیں، انہیں بدتمیزی سکھا رہے ہیں، میں عمران خان کو آخری دفعہ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر تم اس طرح کی حرکات سے باز نہ آئے تو جو تم کرو گے اس کا سامنا تم لوگوں کو بھی کرنا پڑے گا، اگر کہیں کسی کے ساتھ بد تمیزی ہوئی تو دوسرے کارکن بھی یہی کریں گے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ تمہارے کارکنوں نے دوسرے سیاست دانوں کو برا بھلا کہا تو ہمارے کارکن تمہارے برگر یوتھیوں کی درگت بنادیں گے۔شیخ رشید کے خونی لانگ مارچ سے متعلق بیان پر وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ لوگ اسی طرح انارکی پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں، پنڈی کا شیطان ایک طرف تو کہتا ہے کہ جیل میرا سسرال اور ہتھکڑی زیور ہے، دوسری طرف ضمانتیں کرواتا پھرتا ہے، اس نے ہائی کورٹ سے ضمانت کیوں کروائی، تم کہتے ہو لانگ مارچ خونی ہوگا، اگر تم نے اپنا بیان واپس نہیں لیا، اس پر معذرت نہ کی اور اسے پرامن لانگ مارچ نہ کہا تو میں تمہیں گھر سے نکلنے نہیں دوں گا، حکومت کو یقین دہانی کراؤ کہ لانگ مارچ پر امن ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ شیخ رشید لوگوں کو آگ لگانے پر اکسا رہے ہیں، اگر آگ لگانی ہے توتم اپنے آپ کولگاؤ، انارکی اور افراتفری کی منصوبہ بندی کروگے تو ایک قدم گھر سے باہر نکلنے نہیں دوں گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں