بورڈ اور فرنچائزز میں تلخیوں کی برف پگھلنے لگی

کراچی: بورڈ اور فرنچائززمیں تلخیوں کی برف پگھلنے لگیں، تقریبا10 ماہ بعد آئندہ ہفتے گورننگ کونسل کا اجلاس طلب کرنے کا عندیہ دے دیا۔پی ایس ایل کی گورننگ کونسل میں چیئرمین بورڈ رمیز راجہ کی زیرسربراہی تمام ٹیم اونرز شامل ہیں،اس کا آخری اجلاس 27 ستمبر 2021کو لاہور میں ہوا تھا، اس کے بعد اعلیٰ حکام کی مصروفیات آڑے آتی رہیں، پھر بعض فرنچائز آفیشلز کے سخت بیانات نے پی سی بی کو ناراض کر دیا اور گورننگ کونسل میٹنگ کا انعقاد نہ ہو سکا۔بورڈ کا کہنا تھا کہ ٹیم مالکان اور آفیشلز اس پر تنقید نہیں کر سکتے،اس حوالے سے ایک ضابطہ اخلاق بننا چاہیے جس کے تحت اگر کوئی ایسا کرے تو اس کیخلاف سخت ایکشن لیا جا سکے، فرنچائزز نے اس پر عدم اتفاق کا اظہار کیا، ان کے مطابق پہلے ہی معاہدے میں کوڈ آف کنڈکٹ بھی درج ہے، اب ایسی کوئی ضرورت نہیں، ویسے بھی وسیم اکرم یا ان جیسے کسی سابق کرکٹر کو کیسے بیانات دینے سے روکا جا سکتا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے اب برف پگھلنے لگی، پی سی بی تقریبا 10 ماہ بعد گورننگ کونسل کا اجلاس طلب کرنے پر آمادہ ہو گیا، اس حوالے سے فرنچائز مالکان سے دستیابی معلوم کر لی گئی، انھیں 7 جولائی تک کسی تاریخ کے انتخاب کا کہا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں