اسلام آباد: شہداء لسبیلہ کے خلاف گھناؤنی اور بے حِس سوشل میڈیا مہم کی تحقیقات کے دوران چشم کُشا انکشافات سامنے آگئے۔تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ مہم میں ایک بڑی سیاسی جماعت کے کارکن ملوث نکلے۔ اس پوری مہم میں ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ سینکڑوں کی تعداد میں جماعت کے حامی اداروں کے خلاف اس گھناؤنی مہم میں شامل تھے۔
سیاسی جماعت کی اس مہم میں کچھ ہندوستانی اکاؤنٹس بھی ملوث نکلے۔ یہ مہم ایک ایسے وقت میں شروع کی گئی جب پوری قوم سیلاب اور ہیلی کاپٹر حادثے کے باعث ہونے والی شہادتوں پر غمزدہ تھی۔ اس غیر اخلاقی سازش سے اداروں، شہداء اور شہداء کے لواحقین کے زخموں پر نمک پاشی کی گئی۔اس مہم کے کرداروں کی گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔ گھناؤنی مہم چلانے والوں سے تفتیش کے نتیجے میں ان کے سر پرستوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔