واشنگٹن: معروف ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے امریکی گلوکارہ جینیٹ جیکسن کے گانے رِدم نیشن کی ویڈیو کے سبب کمپنی کے کچھ پرانے لیپ ٹاپ کے کریش ہوجانے کا انکشاف کیا ہے۔کمپنی کے سینئر سافٹ ویئر انجینئر ریمنڈ چین نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ حال ہی میں ان کے ساتھی نے ان کو اس وقت کا ایک واقعہ بتایا جب وہ وِنڈوز ایکس پی پروڈکٹ سپورٹ میں کام کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ جینیٹ جیکسن کے 1989 کے ہٹ گانے رِدم نیشن میں قدرتی طور پر ایسی گونج دار فریکوئنسی موجود ہیں جو اس وقت مائیکرو سافٹ اور دیگر کمپنیاں اپنی ہارڈ ڈرائیوز کے لیے استعمال کر رہی تھیں۔
یعنی جب وہ ویڈیو چلائی جاتی تھی تو 5400 چکر فی منٹ پر گھومنے والی ہارڈ ڈرائیوز کام کرنا چھوڑ دیتیں تھیں۔ریمنڈ چین نے بتایا کہ بعد ازاں ایک اور عجیب چیز بھی دیکھی گئی کہ اس ویڈیو کا کسی لیپ ٹاپ پر چلایا جانا قریب میں موجود دوسرے لیپ ٹاپ کے کریش ہونے کا سبب بھی بن رہا تھا، حالانکہ اس لیپ ٹاپ میں وہ ویڈیو نہیں چلائی جا رہی ہوتی تھی۔ہارڈ ویئر سازوں نے اس مسئلے کو ایک خصوصی آڈیو فلٹر بنا کر حل کیا جس کی مدد سے ان مشتعل فریکوئنسیز کی نشان دہی کرتے ہوئے ان کو اسپیکر سے باہر نکلنے اور ہارڈ ڈرائیو کو کریش کرنے سے قبل ختم کر دیا جاتا ہے۔