چین کا سیلاب متاثرین کیلیے 100 ملین یوآن امداد کا اعلان

اسلام آباد: چین نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد متاثرین اور بحالی کے لیے 100 ملین (10 کروڑ) یوآن کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔چین کی طرف سے25000 خیموں اور دیگر امدادی اشیا کے علاوہ چینی فضائیہ کی پروازیں 300 خیموں کی پہلی کھیپ لے کر آج اور کل کراچی پہنچیں گی۔ چینی سفیر کراچی میں امدادی سامان پاکستانی حکام کے حوالے کریں گے ۔

چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ نے سیلاب سے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی قیادت اور عوام سے یکجہتی کے پیغامات بھیجے ہیں۔صدر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف کو چینی قیادت کی جانب سے پیغام پاکستان میں سفیر نونگ رونگ نے پہنچایا۔وزیراعظم شہباز شریف نے چینی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیشہ کی طرح چین کی قیادت اور عوام نے پاکستان دوستی اور فراخ دلی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔دوسری جانب امریکی سیاسی رہنماؤں کی جانب سے بھی پاکستان میں سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حالیہ سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع ، فصلوں، مویشیوں اور انفرا اسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان سمیت وسیع پیمانے پر ہونے والی تباہی پر دکھ اور افسوس ہوا۔مشیر برائے امریکی سیکرٹری خارجہ ڈیرک شولے نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے نتیجے میں پاکستان میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع و دیگر نقصانات اور ان کے اثرات پر بہت غمزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ علاوہ ازیں سینیٹر جم رِش کا پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد اور خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔ علاوہ ازیں کانگریس ویمن شیلا جیکسن نے امریکی صدر کے نام خط میں سیلاب زدگان کے لیے فوری مدد کی درخواست کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں