اہم پاکستانی ریکارڈ میں بھارت بھی شریک بن گیا

کراچی: بھارتی ٹیم آسٹریلیا پر فتح پا کر ایک اہم ریکارڈ میں پاکستان کے ساتھ شریک بن گئی۔کراچی میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا گیا اور اسی دن بھارت اور آسٹریلیا بھی میدان میں اترے، گرین شرٹس کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا جب کہ بھارتی ٹیم آسٹریلیا پر فتح پا کر ایک اہم ریکارڈ میں پاکستان کے ساتھ شریک بن گئی۔یہ اس کی رواں سال 28 ٹی 20 میچز میں 20 ویں فتح تھی، گرین شرٹس نے بھی انگلینڈ کے خلاف دوسرے میچ کی صورت میں رواں سال 20 کامیابیاں حاصل کی ہیں۔اس لحاظ سے دونوں ٹیموں میں اب دلچسپ دوڑ بھی شروع ہو چکی ہے، پاکستان کو ابھی انگلینڈ کے خلاف مزید 4 ٹی 20 کھیلنے ہیں، بھارت کو آسٹریلیا سے سیریز کا باقی ایک جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف 3 میچز میں حصہ لینا ہے، اس کے بعد گرین شرٹس نیوزی لینڈ میں ٹرائنگولر سیریز بھی کھیلیں گے، اس طرح سب سے زیادہ ٹی 20 فتوحات کیلیے دونوں روایتی حریفوں میں دلچسپ دوڑ جاری رہ سکتی ہے۔دوسری جانب بھارت کے روہت شرما نے سب سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل چھکوں کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا، وہ اب تک مجموعی طور پر 176 چھکے جڑ چکے ہیں، مارٹن گپٹل نے 172 چھکے لگائے تھے، اس فہرست میں تیسرے نمبر پر کرس گیل 124 چھکوں کے ساتھ موجود ہیں، ایون مورگن نے 120 اور ایرون فنچ نے 119 مرتبہ گیند کو فضائی روٹ سے باؤنڈری کے باہر پہنچایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں