مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ہزارہ برادری کے مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پیاروں کی میتوں کو دفن کر دیں، وزیراعظم کا انتظار نہ کریں وہ بے حس ہیں۔مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں ہزارہ برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میری دکھی ماؤں، بہنو! اپنے پیاروں کا ایسا ظالمانہ قتل معمولی سانحہ نہیں۔ پوری قوم آپ کے غم میں شریک ہے۔ میں اور میرے والد(نوازشریف) بھی بہت دکھی ہیں لیکن آپ ایک بے حس اور پتھر دل انسان کا انتظار نہ کریں وہ آپ کو یا عوام کو جوابدہ نہیں، آپ اپنے پیاروں کی میتیں ﷲ کے حوالے کرکے سپرد خاک کردیں۔خیال رہے کہ ہزارہ برادری کے 11 کان کنوں کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا، گزشتہ چار روز سے لواحقین میتیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کر رہے ہیں۔ ہزارہ برادری کا مطالبہ ہے جب تک وزیراعظم نہیں آئیں گے دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔
