پرتھ: ہوائی جہاز پر طویل سفر کرنے والے افراد جانتے ہیں کہ ہر فرد کھڑکی کے پاس بیٹھنا پسند کرتا ہے اور کوئی نہیں چاہتا کہ وہ درمیانی (مڈل) نشت میں بیٹھ کر خود کو قید کرلے، لیکن اب آسٹریلوی فضائی کمپنی نے صارفین کو اس جانب راغب کرنے کے لیے لاٹری کا اعلان کیا ہے جس کے بعد وہ خطیر رقم جیت سکیں گے۔
7500 ووٹوں سے انکشاف ہوا ہے کہ صرف 0.6 فیصد لوگ ہی مڈل سیٹ پر بیٹھنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ دومسافروں کے درمیان پھنس کر رہ جاتے ہیں اور بیت الخلا جانے میں بھی مشکل پیش آتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ورجن آسٹریلیا نے عوام کو اس نشست پر راغب کرنے کے لیے’مڈل سیٹ لاٹری‘ کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح قرعہ اندازی کے بعد خوش نصیب افراد 145,000 کی رقم یا اس سے وابستہ سہولیات جیت سکیں گے۔ ان میں مفت پروازیں، بنجی جمپ اور ہیلی کاپٹر کی سیر وغیرہ بھی شامل ہیں۔ورجن آسٹریلیا نےکہا ہے کہ اب سے لے کر 23 اپریل 2023 تک ہماری ایئرلائن سے باربار سفر کرنے والے صارفین ایپ کے ذریعے اس لاٹری میں شامل ہوسکتے ہیں بس انہیں درمیانی سیٹ کا انتخاب کرنا ہوگا۔ اس کے بدلے میں ان کے لیے شاندار ترغیبات رکھی گئی ہیں۔