کمشنر کیجنٹ سیول کا کلیدی خطاب، مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد ، مسلم چپلن امام طاہر، ڈپٹی انسپکٹر عدیل رانا،میئر کے مسلم نمائندے محمد بئی اور دیگر کا بھی اظہار خیال مقدس مہینے کے دوران مسلم کمیونٹی اور عبادت گاہوں کو سکیورٹی دینا اولین ترجیح ہے، کمشنر نیویارک پولیس نماز ظہر با جماعت ادا کی گئی
نیویارک (خصوصی رپورٹ) رمضان المبارک میں مسلم کمیونٹی اور محکمہ پولیس (NYPD) کے درمیان قریبی تعاون اور مسلم کمیونٹی اور ان کی عبادت گاہوں کے تحفظ کے سلسلے میں ون پولیس پلازہ نیویارک (نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کا محکمہ ہیڈکوارٹرز) میں سالانہ پری رمضان کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں پولیس کے اعلیٰ افسران کے علاوہ پاکستانی و مسلم کمیونٹیز کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر نماز ظہر یا جماعت ادا کی گئی۔ ایک ننھے منے بچے نے اذان دی۔ نیویارک پولیس کے مسلم چیلن امام طاہر نے رمضان المبارک کے فضائل بیان کئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مبارک مہینہ اللہ تعالیٰ کی طرف سےمہمان ہے ہم سب کے لیے اس کا احترام ضروری ہے۔ نیویارک پولیس کی پہلی سیاہ فام خاتون کمشنر کیچنٹ سیول نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امریکی مسلمانوں کو مقدس مہینے کی دلی مبارکباد دی.انہوں نے پری رمضان کانفرنس کی تقریب اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مقدس مہینے کے دوران مسلمانوں کی سکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے۔ نیویارک پولیس میں پہلے امریکی پاکستانی ڈپٹی انسپکٹر رانا عدیل نے سانحہ نائن الیون کے بعد امریکی مسلمانوں کو درپیش مسائل بات کی۔ انہوں نے محکمہ پولیس سمیت امریکی فورسز میں خدمات انجام دینے والے مسلم افسران کو سراہا۔ انہوں نے نیویارک پولیس میں مسلم آفیسرز سوسائٹی کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور کہا کہ آج اس سوسائٹی کے اراکین کی تعداد کہیں زیادہ ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس سوسائٹی کے کردار کا معترف ہے۔ میئر آفس کے مسلم نمائندے محمد بئی نے پولیس اور مسلم کمیونٹی کے درمیان رابطے اور تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک کے میئر اور کمشنر مسلمانوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں اور سٹی کی ترقی و خوشحالی اور سکیورٹی میں مسلمانوں کے کردار سے بخوبی آگاہ ہیں۔پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بھی پری رمضان کانفرنس میں بڑی تعداد میں شرکت کی.