الیکشن کیس: سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی ہدایت نہیں دی، سپریم کورٹ

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کے تین رکنی بینچ نے تحریری حکم نامے میں وضاحت کی ہے کہ سیاسی جماعتوں کو عدالت کی جانب سے مذاکرات کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی۔ سپریم کورٹ کی جانب سے 27 اپریل کو ہونے والی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا، جس کے مطابق سیاسی جماعتوں کی جانب سے مذاکرات ان کی اپنی کوشش ہے، اس کے لیے سپریم کورٹ نے کسی بھی سیاسی جماعت کو کوئی ہدایت جاری نہیں کی۔تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا 14 مئی کو انتخابات کروانے کا حکم اپنی جگہ برقرار ہے۔ عدالت معاہدے کیلئے سیاسی جماعتوں کی رضا کارانہ کوشش کو سراہتی ہے۔
تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے الیکشن کے حوالے سے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے بھی آگاہ کیا ہے۔واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے گزشتہ سماعت پر ریمارکس دیے تھے کہ اگر سیاسی جماعتیں آپ میں بیٹھ کر بات چیت اور افہام و تفہیم سے مسئلہ حل کرلیں تو پھر فیصلے کو دیکھا جاسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں