حکومت کا پی ڈی ایم کو ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت دینے کا فیصلہ

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیرِ داخلہ شیخ رشیدکا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، کسی کو پہلی دفعہ ریڈ زون میں آنے کی اجازت دی جارہی ہے جب کہ راولپنڈی اور اسلام آباد 15 دسمبر سے ہائی الرٹ ہے تاہم ہائی الرٹ کا بتا کر کسی کو ڈرا نہیں رہا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت اپنے حفاظتی انتظامات ضرور کرے گی اور شیخ رشید ہی آپ کو حلوہ کھلائے گا، پی ڈی ایم کو فری ہینڈ دیں گے کوئی رکاوٹ اورکینٹینر نظر نہیں آئیں گے تاہم اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون اس کو ہاتھ میں لے گا، وفا کروگے وفا کریں گے جفا کروگے جفا کریں گے جب کہ احتجاج میں ‏انصارالاسلام کے طلبہ اور مدرسوں کے بچے لائے گئے تو قانون حرکت میں آئے گا۔شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان خود پھسنے جارہے ہیں، فضل الرحمان کواس سیاست سے کچھ نہیں ملنا جب کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو بھی پیچھے ہٹنا ہے، پانامہ اور براڈ شیٹ میں سب بے نقاب ہوچکے ہیں، عمران خان نے 40 ہزار فنڈ کرنے والوں کا ڈیٹا دے دیا لیکن ن لیگ اور پیپلزپارٹی 4 ہزار افراد کا ڈیٹا بھی نہیں دے سکتیں ، یہ ذہن نشین کرلیں یہاں سپریم کورٹ اور ایف بی آر بھی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں