اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی پاکستان سمیت سلامتی کونسل کے پانچ نئے غیر مستقل ارکان کا انتخاب کرے گی

نیویارک( آواز نیوز)سلامتی کونسل کے پانچ غیر مستقل ارکان کے انتخاب کے لیے جمعرات (6 جون) کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس ہورہا ہے۔
پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست کے لیے الیکشن لڑنے والے پانچ ممالک میں سے ایک ہے۔
نومنتخب اراکین یکم جنوری 2025 سے 31 دسمبر 2026 تک دو سال کی مدت پوری کریں گے اور جاپان، ایکواڈور، مالٹا، موزمبیق اور سوئٹزرلینڈ کی جگہ لیں گے، جن کی مدت 31 دسمبر کو ختم ہو رہی ہے۔
53 رکنی ایشیائی گروپ نے پاکستان کی حمایت کی ہے۔
پاکستان اس سے قبل 13-2012، 04-2003، 94-1993، 84-1983، 77-1976، 69-1968، اور 53-1952 میں کونسل میں سات مرتبہ خدمات انجام دے چکا ہے ۔
سلامتی کونسل 15 ممالک پر مشتمل ہے جس میں پانچ مستقل ارکان اور دس غیر مستقل ارکان شامل ہیں۔
10 غیر مستقل اراکین کو جنرل اسمبلی دو سال کی مدت کے لیے منتخب کرتی ہے، جس میں علاقائی جغرافیائی تقسیم کی بنیاد پر اقوام متحدہ کے تمام 193 رکن ممالک شامل ہیں۔
ووٹنگ خفیہ بیلٹ کے ذریعے ہوتی ہے، اور امیدواروں کو دو تہائی اکثریت، یا منتخب ہونے کے لیے 128 ووٹ حاصل کرنے چاہییں۔
منتخب ہونے کی صورت میں پاکستان مندرجہ ذیل ترجیحات پر خصوصی توجہ دے گا:
جنوبی ایشیا میں امن اور سلامتی کا فروغ۔
فلسطین اور کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے اصول کی حمایت ۔
افغانستان میں حالات معمول پر لانے کی کوششوں کا فروغ۔
افریقہ میں سیکورٹی چیلنجوں کے مساوی حل کا فروغ؛
اقوام متحدہ کے امن مشنز کی کارکردگی کو بڑھانا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں