علی امین گنڈاپور کی افغان قونصل جنرل کی جانب سے قومی ترانے کی توہین پر وضاحتیں

پشاور: (آواز نیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے افغان قونصل جنرل کی جانب سے قومی ترانے کی توہین پر مذمت کے بجائے وضاحتیں دینا شروع کر دیں۔پشاور میں ’اختیار عوام کا‘ پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ افغان قونصل جنرل نے اپنا مؤقف دے دیا ہے، ایسی کوئی بات نہیں کہ وہ ہمارے قومی ترانے کی عزت نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ افغان قونصلیٹ نے وضاحت جاری کر دی ہے، افغان سفیر کا موقف ہے کہ ترانے میں میوزک تھا، اس لئے افغان سفارتکار کھڑے نہیں ہوئے۔’’اختیار عوام کا‘‘ پورٹل سے متعلق علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ عوام کو اختیار ملے گا تو مسائل حل ہوں گے، چیف منسٹر پورٹل تمام چیزوں کو دیکھ کر بنایا گیا ہے، ہماری پہلی ترجیح عوام ہے، یہ کام آپ کے ٹیکس کے پیسوں سے ہو رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہر جگہ پر بہتری کی گنجائش ہوتی ہے، پورٹل سے پتا چلے گا کہ آپ کے ٹیکس کے پیسوں سے کیا ہو رہا ہے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ نئے پورٹل میں خامیوں کو دور کر دیا ہے، غیر قانونی بھرتیوں کو نکالنا ہوگا، عوام کا ٹیکس کا پیسہ ضائع نہیں کرنا ہے، غیر قانونی بھرتیوں بارے تحقیقات کر رہے ہیں، کرپشن کرنے والوں کے خلا ف سخت کارروائی ہوگی۔علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میں جلسے کی بھرپور تیاری کی ہے، کوئی سیاسی دباؤ نہیں، صوبے میں گورنر کا کوئی مینڈیٹ نہیں، فیصل کریم کنڈی پرچی پر آیا ہے، ایک ٹک ٹاکر پنجاب میں اور ایک یہاں بیٹھا ہے۔قبل ازیں پورٹل کے بارے میں کابینہ کو بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پورٹل کے ذریعے عام شہری شکایات درج کر سکیں گے اور مختلف امور کا آن لائن جائزہ لے سکیں گے، پورٹل میں عوامی ایجنڈہ، صحت، تعلیم، امن وامان اور میونسپل سروسز کے بارے تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔بریفنگ کے مطابق لینڈ ریونیو،کرپشن، میل پریکٹس اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کی جائیں گی، منصوبے کا مقصد حکومتی معاملات میں شفافیت اور جواب دہی کا مضبوط نظام بنانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں