بغداد میں راکٹ حملہ، امریکی افواج کے زیرِ استعمال فوجی مرکز نشانہ

بغداد : (ویب ڈیسک ) بغداد کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کے قریب امریکی افواج کی میزبانی کرنے والے ایک فوجی مرکز پر کم از کم دو کاتیوشا راکٹ داغے گئے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق دو عراقی فوجی حکام نے منگل کو علی الصبح خبررساں ادارے کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ تین راکٹ فائر کیے گئے جن میں سے ایک عراقی انسدادِ دہشت گردی فورسز کے زیرِ استعمال عمارات کے قریب گرا جس سے چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور آگ لگ گئی لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حکام کاکہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے راکٹوں کو روک دیا، امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے حملے پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا۔بغداد میں ایک امریکی سفارتی مرکز 11 ستمبر کو حملے کی زد میں آیا تھا لیکن جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔امریکہ اور ایران دونوں کا ایک غیر معمولی علاقائی شراکت دار عراق 2500 امریکی فوجیوں کی میزبانی کرتا ہے اور ایران کے حمایت یافتہ مسلح دھڑے بھی اس کی سکیورٹی فورسز سے منسلک ہیں۔غزہ کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے عراق میں ایرانی حمایت یافتہ گروہ شرقِ اوسط میں امریکی فوجیوں پر متعدد حملے کر چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں