الخدمت فاؤنڈیشن چاروں صوبوں میں ریسکیو اورریلیف کی سرگرمیوں میں مصروف ہے،کئی ہزار رضاکار، طبی عملہ متاثرین کی مدد کررہے ہیں: عبدالشکور
پاکستانی قوم اگر اپنے سیاسی معاملات سلجھالے تو عظیم قوم بن سکتی ہے، دنیا کو موثر انداز میں پاکستان کی مدد کے لئے قائل کریں گے: انتونیو گوتریش
اسلام آباد ( آواز رپورٹ)پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے اقوامِ متحدہ کے سکریٹری جنرل اینٹو نیو گوتریس نے آج شام چھ بجے سرینا ہوٹل اسلام آباد میں سیلاب میں خدمت کے کام میں مصروف اہم رفاہی تنظیموں اور منتخب کاروباری شخصیات سے ملاقات کی.الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور نے یو این کے سیکرٹری جنرل کو سیلاب متاثرہ علاقوں کی ابتر صورتحال سے آگاہ کیا اور انہیں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی امدادی سرگرمیوں سے مطلع کیا.صدر الخدمت نے یو این کے سیکرٹری جنرل کو پاکستان کی سیلاب سے متاثرہ سوا تین کروڑ آبادی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعداد پرتگال کی کُل آبادی کے تین گنا سے بھی زیادہ ہے (یاد رہے کہ یو این کے سیکرٹری جنرل کا تعلق پرتگال سے ہے). صدرعبد الشکور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک کے چاروں صوبوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں کام کر رہی ہے اور متاثرین کو بڑے پیمانے پرپکا پکایا کھانا، پینے کا صاف پانی، خشک راشن، خیمے اور طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے.
الخدمت ایک ملک گیر تنظیم ہے اور اس کے کئی ہزار رضاکار ریسکیو اور ریلیف کے کام میں مصروف ہیں۔ پاکستانی ڈاکٹرز کی ایک بڑی تعداد اُن کے ہمراہ طبی سہولیات فراہم کرنے میں مصروف ہے۔صدر الخدمت نے کہا وہ سکریٹری جنرل کی بروقت پاکستان آمد کو دل سے سراہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ سیلابی صورت حال کا آنکھوں سے جائزہ لینے کے بعد وہ دنیا کو زیادہ موثر انداز میں مالی مدد کے لئے آمادہ کر سکیں گے۔سیکرٹری جنرل یو این نے کہا کہ پاکستانی باہمت قوم ہیں اور وہ یہ بات تب سے جانتے ہیں جب وہ ‘یو این ایچ سی آر’ کے ہائی کمشنر تھے اور پاکستان کے دورے پہ آیا کرتے تھے۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کی مددکے لئے بھر پور مہم چلانے کا وعدہ کیا اور کہا کہ انہوں نے پاکستانی قوم کے عزم، ہمت اور فراخ دلی کا قریب سے مشاہدہ کیا ہے۔انہوں نے کہا پاکستانی قوم اگر اپنے سیاسی معاملات کو سلجھانے میں کامیاب ہو جائے تو اس کے ایک عظیم قوم بننے کے امکانات بہت روشن ہیں.سرینا ہوٹل میں یہ ملاقات قریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی.