سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدے متوقع

اسلام آباد: (آواز نیوز) سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدے متوقع ہیں، سعودی عرب کیساتھ سرمایہ کاری معاہدوں کیلئے فریم ورک بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ذرائع وزارت تجارت کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے 2027 تک 5 ارب ڈالر سے زائد کی مجموعی سرمایہ کاری ہوگی، سعودی عرب کیساتھ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے تقریباً 30 معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے، مجموعی طور پر حکومتی اور نجی شعبے سے تقریباً 40 کمپنیوں کا وفد پاکستان سرمایہ کاری کیلئے پہنچے گا۔ذرائع وزارت تجارت کے مطابق سعودی عرب کیساتھ زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کنسٹرکشن میٹریل کے معاہدے پر دستخط ہوں گے، سعودی وفد پٹرولیم کے شعبے اور پاور سیکٹر کے معاہدوں پر دستخط کرے گا، فوڈ سکیورٹی، میٹ ایکسپورٹ، پاکستانی رائس ایکسپورٹ کیلئے بھی معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مائننگ، آئل ریفائنری، ریلوے کیلئے طے شدہ معاہدوں کی پیشرفت کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق سعودی عرب کیساتھ سرمایہ کاری معاہدوں کیلئے فریم ورک تیار کر لیا گیا، سعودی عرب کی جانب سے 2027 تک 5 ارب ڈالر سے زائد کی مجموعی سرمایہ کاری ہوگی، ابتدائی طور پر سعودیہ اور پاکستان کے درمیان 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدے متوقع ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں سعودی عرب سے نجی شعبہ پاکستان میں تقریباً 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، نجی شعبہ پاکستان میں اپنے لوکل نمائندوں تعینات کر کے سرمایہ کاری کا حجم بڑھائے گا، سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں زیادہ سرمایہ کاری نجی شعبہ کرے گا، سعودی عرب کا سرکاری وفد سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے تحت منصوبوں پر بات چیت کرے گا۔ذرائع کے مطابق سرکاری ادارے اور نجی شعبہ دونوں کی پاکستان میں الگ الگ حکام سے ملاقاتیں شیڈول ہیں، حکومتی سطح پر سرمایہ کاری کیلئے ریگولیٹری منظوری، این او سی سے متعلقہ پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان رواں ہفتے کے آخر میں سعودی عرب سے آنے والے وفد کے ساتھ 2 ارب ڈالر سے زائد کے معاہدوں پر دستخط کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں