فواد اور وانی کی فلم کی شوٹنگ کا آغاز، پہلی جھلک سامنے آ گئی

ممبئی: (ویب ڈیسک) پاکستانی عالمی شہرت یافتہ اداکار فواد خان کی 8 برس بعد بالی ووڈ میں واپسی ہو رہی ہے، اداکارہ وانی کپور کے ساتھ ان کی نئی فلم کی شوٹنگ کا آغاز ہو گیا۔مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر فواد خان اور وانی کپور کی آنے والی فلم ’عبیر گلال‘ کی شوٹنگ سے ایک تصویر وائرل ہو رہی ہے، فلم ’عبیر گلال‘ ایک رومینٹک کامیڈی فلم ہے جس کی ہدایت کاری آرتی ایس بگدی کر رہی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق آنے والی فلم کی مذکورہ پہلی جھلک مداحوں کے لیے آرتی ایس بگدی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے شیئر کی تھی۔اس فلم میں فواد خان پہلی بار وانی کپور کے ساتھ سکرین شیئر کریں گے جس کی شوٹنگ 29 ستمبر سے لندن میں شروع ہو گئی ہے۔آرتی ایس بگدی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی دو افراد کے گرد گھومتی ہے جو ایک دوسرے کو سدھارنے میں ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں اور اسی دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں۔یاد رہے کہ فواد خان نے 2014 میں بالی ووڈ فلم ’خوبصورت‘ سے بھارتی انڈسٹری میں قدم رکھا تھا، فلم میں بہترین اداکاری کی بدولت انہیں فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں