غزہ : اسرائیل نے الاقصیٰ ہسپتال کے باہرخیموں پربارود برسا دیا، 4 فلسطینی شہید

غزہ : (ویب ڈیسک ) غزہ پر اسرائیلی بربریت کا سلسلہ تھم نہ سکا، صیہونی فوج نے الاقصیٰ ہسپتال کے باہر خیموں پر بارود برسادیا جس کے نتیجے میں 4 فلسطینی زندہ جل کر شہید ہوگئے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حملے میں خیموں میں آگ لگنے سے کئی فلسطینی زندہ جل گئے اور بہت سے جھلس کر زخمی ہوگئے۔عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ دیر البلاح میں اسرائیلی بمباری سے خیموں میں آگ لگنے سے 4 فلسطینی شہید اور 70 زخمی ہوگئے جبکہ اسرائیلی حملے سے تقریباً 20 سے 30 خیمے جل گئے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ہسپتال کے کمپاؤنڈ کے اندر کمان مرکز سے کام کرنے والے مسلح عناصر کو بم باری کا نشانہ بنایا، فوج نے حماس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ شہری تنصیبات مثلا ہسپتالوں کو اپنے عسکری مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہے۔اس سے قبل صیہونی فوج نے نصیرت کے پناہ گزین سکول پر ٹینکوں سے گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 22 افراد شہید اور 80 زخمی ہوئے۔شمالی غزہ میں 9 روز سے جاری محاصرے کے دوران شہید فلسطینیوں کی تعداد 300 سے زائد ہوگئی ہے جبکہ خوراک، پانی اور دواؤں کی قلت سنگین ہوگئی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق مقامی آبادی نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے شمال میں بيت حانون، جباليا اور بیت لاہیا کے شہروں کو غزہ شہر سے عملی طور پر الگ کرتے ہوئے ان کے درمیان  نقل و حرکت پر پابندی لگا دی ہے،  البتہ مذکورہ تین شہروں سے صرف ان گھرانوں کو اسرائیلی حکام سے اجازت نامہ حاصل کر کے جانے کی اجازت ہو گی جو علاقہ خالی کرنے کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے وہاں سے کوچ کریں گے۔اس حوالے سے اقوام متحدہ کی نمائندہ نے کہا کہ اسرائیل نسل کشی کے دوران ایک نئی نسل کشی پر اتر آیا ہے۔اقوام متحدہ میں انسانی امور کی سیکرٹری جنرل اور ہنگامی حالات میں امداد کی نائب رابطہ کار جویس مسویا کے مطابق “غزہ کے شمال میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ خوف ناک ہے اور الفاظ اسے بیان نہیں کر سکتے”۔ان کا کہنا تھا کہ  “اسرائیلی فوج اپنے حملوں میں شدت لا رہی ہے،  ہسپتال اپنے مریضوں کو باہر نکالنے پر مجبور ہو گئے اور ضروری امداد ختم ہو رہی ہے،  لوگ گھروں کو چھوڑنے پر مجبور کیے جا رہے ہیں اور امداد منقطع ہونے سے ہو بھوک سے پریشان ہیں ، ان شرم ناک چیزوں کو ختم ہو جانا چاہیے”۔دوسری جانب غزہ میں ہونے والے اسرائیلی فوج کے مظالم پر دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے غزہ اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری اسرائیلی بمباری اور زمینی کارروائیوں میں اب تک 43 ہزار سے زائد افراد شہید اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں لاپتا ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں