عمران خان کا رویہ مثبت، صبح جواب مل جائے گا: مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد: (آواز نیوز) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مجھ تک بانی پی ٹی آئی کے مثبت رویے کا پیغام پہنچایا گیا، صبح جواب مل جائے گا۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی نے آئینی ترمیم پر اتفاق رائے حاصل کیا تھا، ابتدائی مسودے کے جتنے حصوں پر اعتراض کیا، حکومت اس سے دستبردار ہونے پر آمادہ ہو گئی۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے ہمارا کوئی متنازعہ نکتہ نہیں، پی ٹی آئی قیادت نے مجھ سے آج دن تک کا وقت مانگا۔ میں نے اتفاق کیا، آج ان کا جواب مل جائے گا۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مولانا کا شکر گزار ہوں، آئینی اصلاحات جو ہونے جا رہی ہیں اس کا مسودہ تمام جماعتوں نے تسلیم کیا ہے، مولانا نے باقی اپوزیشن جماعتوں کو کل تک کا وقت دیا ہے مجھے یقین ہے کہ وہ مولانا کو مثبت جواب ضرور دیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کے اعتراضات اب ترمیمی بل میں موجود نہیں ہیں، مجھے امید ہے کہ جیسے ان کی ملاقات ہو جاتی ہے تو پارلیمان کے اجلاس میں مولانا میری درخواست مانیں گے، میری درخواست ہے کہ وہ بل جے یو آئی خود پیش کرے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی کو بھی قائل کر لیں گے، پی ٹی آئی کو جن نکات پر تحفظات تھے وہ اب آئینی ترمیمی بل میں شامل نہیں، چاہتا ہوں سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے آئین سازی ہو۔پریس کانفرنس کے اختتام پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سے واپس روانہ ہوگئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں