اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی، اسلام آباد نے کراچی کنگز کے 197 رنز کا ہدف 19.1 اوور میں حاصل کرلیا۔
کراچی کنگز کے ہدف کے تعاقب اسلام آباد کے اوپنرز اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے، اوپنر فل سالٹ صفر پر پویلین لوٹ گئے جب کہ الیکس ہیلز نے 46 رنز بنائے اور آؤٹ ہوئے، کپتان شاداب بھی صفر پر پویلین لوٹ گئے جب کہ فہیم اشرف صرف 25 رنز ہی بناسکے۔82 پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد افتخار احمد اور حسین طلعت نے اسکور کو آگے بڑھایا اور پانچویں وکٹ کے لیے 94 رنز کی شراکت قائم کی، افتخار احمد نے 49 اور حسین طلعت نے جارحانہ 42 رنز کی اننگز کھیلی تاہم حسین طلعت ایل بی ڈبلیو ہوگئے جس کے بعد آصف علی نے صرف 9 گیندوں پر 21 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی جس کی بدولت اسلام آباد کی ٹیم نے 197 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 19.1 اوور میں حاصل کرلیا۔اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو کراچی کی جانب سے اننگز کا آغاز شرجیل خان اور بابر اعظم نے کیا۔ دونوں اوپنرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پی ایس ایل کے تمام ایڈیشن میں 176 رنز کی اوپننگ شراکت کا ریکارڈ بناڈالا جس کے بعد بابر اعظم 62 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ اگلی ہی گیند پر شرجیل خان بھی 106 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں