پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 199 رنز کا ہدف دیا ہے جس کے تعاقب میں پشاور کی جانب سے اننگ کا آغاز امام الحق اور کمران اکمل نے کیا لیکن صرف 13 کے مجموعی اسکور پر کامران اکمل آؤٹ ہوگئے جس کے بعد ون ڈاؤن آنے والے ٹام کیڈمور صرف 4 رنز بناکر چلتے بنے تاہم امام الحق نے مزاحمت جاری رکھی اور 41 رنز بنانے کے بعد بولڈ ہوگئے۔امام الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد حیدرعلی اور شعیب ملک نے ٹیم کو سنبھالا، حیدرعلی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی تاہم ڈیل اسٹین کی گیند پر وہ کیچ دے بیٹھے جب کہ کچھ ہی دیر بعد شعیب ملک بھی ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
15 ویں اوورز میں 5 وکٹیں گرنے کے بعد پشاور زلمی کو میچ جیتنے کے لیے 30 گیندوں پر 54 رنز درکار تھے اور کوئٹہ کی جیت یقینی تھی تاہم وہاب ریاض اور رادرفورڈ نے چھٹی وکٹ کے لیے 48 رنز کی شراکت بنادی جس کی بدولت پشاور کی ٹیم نے 19.2 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کوئٹہ کے اوپنرز کی جانب سے اننگز کا آغاز انتہائی سست رفتاری سے کیا گیا، اوپنر کیمرون ڈیلپورٹ صرف 15 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے جب کہ صائم ایوب 21 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ون ڈاؤن آنے والے فاف ڈپلیسی اور سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑہایا تاہم ڈپلیسی 37 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد اعظم خان نے سرفراز کے ساتھ مل کر 105 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی، دونوں کھلاڑیوں نے گراؤنڈ کے چاروں طرف دلکش شارٹس کھیلے جس کی بدولت کوئٹہ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں