نیویارک( آواز نیوز)مشہور سلسلہء عظیمیہ کے خانوادہ خواجہ شمس الدین عظیمی رحمتہ اللہ علیہ 98 برس کی عمر میں عالم ناسوت سے رخصت ہوکر عالم اعراف تشریف لے گئے* انا للہ و انا الیہ راجعون۔
ممتاز روحانی سکالر مرشد کریم حضرت خواجہ شمس الدین عظیمیؔ نے بیس سال پہلے (1980ء میں) نوعِ انسانی کو پر سکون زندگی سے آشنا کرنے کے لئے سلسلہء عظیمیہ کے بانی حضرت بابا قلندر اولیاء کے حکم پر روحانی تحریک کا آغاز کیا تھا۔ اس سلسلے میں انہوں نے قومی اخبارات میں کالم لکھے، کتابیں تصنیف کیں۔ روحانی ڈائجسٹ کراچی پاکستان اور روحانی ڈائجسٹ انٹرنیشنل اردو، انگلش برطانیہ سے جاری کیا۔ پاکستان اور امریکہ میں مشہور زمانہ کالم “روحانی ڈاک”، پاکستان کے چھوٹے بڑے شہروں اور برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، فرانس، بھارت، متحدہ عرب امارات کے ٹیلی ویژن، ریڈیو پر انٹرویو نشر ہوئے۔ بڑے بڑے ہالوں میں تقریریں کیں۔
ایک مربوط اور منظم روحانی پلیٹ فارم پر پاکستان اور بیرون پاکستان مراقبہ ہال کے نام سے خانقاہی نظام قائم کیا۔ اس وقت پاکستان اور بیرون ممالک میں 83 سے زیادہ مراکز (مراقبہ ہال) خدمت خلق میں مصروف ہیں۔
خواجہ صاحب پر حضور قلندر بابا اولیاءؒ کے فیض اور سیدنا حضور علیہ والسلام کی رحمت سے اللہ تعالیٰ کا خصوصی کرم تھا کہ ان کے پیغام کو نہ صرف اللہ کی مخلوق نے سنا بلکہ اس پر عمل بھی کیا۔ نتیجے میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد دنیا بھر میں پر سکون زندگی گزار رہی ہے۔
