لاہور: (آواز نیوز) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کی جنوبی افریقہ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا دوسرا سیمی فائنل لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں کیویز کی کمان مچل سینٹنر کے ہاتھوں میں ہے جبکہ پروٹیز کو ٹیمبا باووما لیڈ کر رہے ہیں۔ٹاس کے موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے کہا ہے کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، یہاں اوس نہیں پڑتی، ہم جانتے ہیں کہ ان کنڈیشنز میں کیا توقع رکھنی چاہیے، یہاں ٹرائی نیشن سیریز کے میچز کھیلے ہیں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ پچھلا میچ مختلف کنڈیشنز میں تھا، آج ہم ایک مضبوط ٹیم کے خلاف کھیل رہے ہیں اور امید ہے بڑا ٹارگٹ سیٹ کر کے جنوبی افریقا پر دباؤ ڈال سکیں گے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔دوسری جانب جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس کے موقع پر کہا ہے کہ ٹاس جیت کر ہم بھی بیٹنگ کو ترجیح دیتے لیکن اب ہمیں اچھا آغاز کرنا ہو گا، ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، میں واپس آ گیا ہوں اور اب کافی بہتر محسوس کر رہا ہوں۔
جنوبی افریقی ٹیم
پروٹیز سکواڈ میں کپتان ٹیمبا باووما، ریان رکیلٹن، رسی وین ڈیر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، ویان مولڈر، مارکو جینسن، کیشو مہاراج، کگیسو ربادا اور لنگی نگیڈی پر مشتمل ہے۔
کیوی سکواڈ
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کپتان مچل سینٹنر، ول ینگ، راچن رویندر، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، میٹ ہنری، کائل جیمیسن اور ول اورورک شامل ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت کی ٹیم پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو ہرا کر فائنل میں پہنچ چکی ہے، آج کا میچ جیتنے والی ٹیم کا فائنل میں مقابلہ اتوار کو بھارت سے ہوگا، چیمپئنز ٹرافی کا فائنل اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں شیڈول ہے۔