سفیر عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو اپنی اسناد پیش کر دیں، پاکستان کے مستقل مندوب کا منصب سنبھال لیا

نیویارک ( پ ر) سفیر عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش (Antonio Guterres)کوسفیر عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو اپنی اسناد پیش کر دیں، پاکستان کے مستقل مندوب کا منصب سنبھال لیانیویارک ( پ ر) سفیر عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش (Antonio Guterres)کو اپنی اسناد پیش کیں اور پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ کا منصب سنبھال لیا۔اس موقع پر ملاقات کے دوران، سفیر عاصم نے اقوام متحدہ کے منشور اور کثیر الجہتی سفارت کاری کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ سیکریٹری جنرل گوتیرش نے سفیر عاصم کو ان کے نئے منصب پر مبارکباد دی اور ان کی کامیاب مدتِ ملازمت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سفیر عاصم افتخار احمد نے سفیر منیر اکرم کی جگہ لی ہے، جو 31 مارچ 2025 کو اپنی مدت مکمل کرنے کے بعد یہ منصب چھوڑ گئے تھے۔سفیر عاصم افتخار احمد نے 1993 میں پاکستان کی فارن سروس میں شمولیت اختیار کی۔ تین دہائیوں پر محیط اپنے سفارتی کیریئر کے دوران، انہوں نے یورپ، افریقہ، ایشیا اور اقوام متحدہ سمیت مختلف خطوں میں نمایاں خدمات انجام دیں، وزارتِ خارجہ اور پاکستان کے سفارتی مشنز میں مختلف اہم عہدوں پر فائز رہے۔نومبر 2022 سے دسمبر 2024 تک، وہ پاکستان کے سفیر برائے فرانس اور موناکو، اور یونیسکو میں پاکستان کے مستقل مندوب کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔
پیرس میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل، وہ اگست 2021 سے نومبر 2022 تک وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے طور پر کام کرتے رہے۔ اس دوران، انہوں نے پہلے ایشیا پیسفک ڈویژن اور بعد ازاں اقوام متحدہ و اقتصادی سفارت کاری ڈویژن کے ایڈیشنل فارن سیکریٹری کے طور پر فرائض سرانجام دیے۔اس سے قبل، 2017 سے 2021 تک وہ تھائی لینڈ میں پاکستان کے سفیر رہے۔ ان کی پہلی سفارتی تقرری 1997 سے 2000 تک نیامے، نائجر میں ہوئی تھی۔ وزارتِ خارجہ میں، انہوں نے پرسنل، یورپ اور افریقہ ڈویژنز میں بھی خدمات انجام دی ہیں۔انہوں نے خاص طور پر کثیر الجہتی سفارت کاری میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، وزارتِ خارجہ میں قیادت کے عہدوں سے لے کر اقوام متحدہ کے نیویارک اور جنیوا میں اہم ذمہ داریوں تک، نیز وہ اقوام متحدہ کے اقتصادی و سماجی کمیشن برائے ایشیا و پیسیفک (UNESCAP) اور یونیسکو (UNESCO) میں پاکستان کے مستقل مندوب رہے۔ پیرس میں یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ میں وہ ایشیا پیسیفک گروپ کے نائب صدر اور جنرل کانفرنس کے نائب صدر بھی رہ چکے ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاسوں (2003-2008، 2011-2016 اور 2022) سمیت افریقی یونین، او آئی سی، نان الائنڈ موومنٹ (NAM)، آسیان (ASEAN) اور ایشیا-یورپ میٹنگ (ASEM) میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ وہ 2009-2010 کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کے ڈپٹی چیف ڈی کیبنٹ بھی رہے۔سفیر عاصم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی ٹیم کے کلیدی رکن رہے ہیں، دو مرتبہ، 2003-2004 اور 2012-2013 کے دوران، جب وہ سلامتی کونسل میں پاکستان کے پولیٹیکل کوآرڈینیٹر بھی رہے۔ انہوں نے سلامتی کونسل کے مغربی افریقہ (جون-جولائی 2003)، صومالیہ پر سلامتی کونسل کی پابندیوں سے متعلق کمیٹی (نومبر 2003)، نیروبی میں سوڈان اور صومالیہ پر ہونے والے سلامتی کونسل کے غیر معمولی اجلاس (نومبر 2004) اور اکتوبر 2013 میں گریٹ لیکس ریجن کے لیے سلامتی کونسل مشن میں پاکستان کی نمائندگی کی۔وزارتِ خارجہ میں اقوام متحدہ ڈویژن کے سربراہ کے طور پر، انہوں نے امن و سلامتی، ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور انسانی حقوق جیسے وسیع شعبوں میں خدمات انجام دیں، جو نیویارک، جنیوا، روم، ویانا، پیرس اور نیروبی میں پاکستان کے سفارتی مشنز اور اقوام متحدہ کے نظام میں شامل تھے۔ نیویارک میں اپنے پہلے دور (2003-2009 اور 2012-2014) میں انہوں نے سیاسی و سلامتی امور، سلامتی کونسل کی اصلاحات، جنرل اسمبلی کے سیاسی امور، چوتھی کمیٹی، تنازعات کی روک تھام، امن مشنز اور قیامِ امن جیسے اہم معاملات پر کام کیا۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، لاہور سے الیکٹریکل انجینئرنگ (گولڈ میڈل، 1991) اور پنجاب یونیورسٹی، لاہور سے بیچلر آف آرٹس (گولڈ میڈل، 1988) کی ڈگری حاصل کی۔
27 نومبر 1966 کو لاہور میں پیدا ہونے والے سفیر عاصم افتخار احمد شادی شدہ ہیں اور ان کی تین بیٹیاں ہیں۔ وہ فرانسیسی زبان سے واقف ہیں اور گالف، ٹینس، سنوکر اور کرکٹ کھیلنے کا شوق رکھتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں