سینیٹ الیکشن میں اداروں کی مداخلت نظر آرہی ہے، مولانا فضل الرحمان

صوبائی سیکرٹریٹ مفتی محمود مرکز پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو دھمکیاں دی جارہی ہیں،اور ان کی ضمانت منسوخ کرانے کے لیے نیب نے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے، کیا نیب اداروں کا ترجمان ہے؟ نیب دیگر اداروں کا ترجمان بن کر ہمارے مؤقف کی تصدیق کررہا ہے،اب عدالتیں آخری امید بن چکی ہیں۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں اداروں کی مداخلت نظر آرہی ہے، چیئرمین سینیٹ کا الیکشن کو انجینیئرڈ تھا، ہمارے جائز ووٹوں کو کیوں مسترد کیا گیا؟ اور ووٹ مسترد ہونے کا ملبہ بھی عدالتوں پر ڈال دیا گیا ہے، 2 ارب روپے کے ڈیفالٹر کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت کیوں دی گئی؟ وفاداریاں کیوں تبدیل ہورہی ہیں،اس کے پیچھے دباؤ ہوگا،لالچ یا دھمکیاں ہوں گی، ڈپٹی چیئرمین کےالیکشن کےدوران سارے ادارے اندھے ہو چکے تھے۔سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ماضی میں مختلف جماعتوں کے اراکین نےاپنے ووٹ کوغلط استعمال کیا، کسی ایک ممبر کے دغا سے پارٹیوں کی پوزیشن تبدیل نہیں ہوا کرتیں، اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں، کل پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوگا، جس میں لانگ مارچ سےمتعلق حتمی حکمت عملی طے ہوگی، پارلیمنٹ سے استعفے نہیں دیتے تولانگ مارچ کی زیادہ افادیت نہیں ہوگی، پی ڈی ایم کرے گا، لانگ مارچ ایک دن کا نہیں ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں