بائیڈن حکومت کا کورونا ویکسی نیشن میں ٹرمپ کی مدد حاصل کرنے کا عندیہ

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن سے گریز کرنے والے طبقات کو قائل کرنے کے لیے باقاعدہ مہم کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں خصوصی طور پر کورونا کی ویکسینیشن سے گریز کرنے والے ری پبلکنز سے رابطے بڑھانے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔وائٹ ہاؤس کے مطابق عوام میں کورونا ویکسی نیشن کیلئے آمادگی بڑھانے کے لیے مذہبی پیشواؤں، روایت پسند طبقات اور ریپبلکن پارٹی کے نمایاں رہنماؤں سے رابطے شروع کردیے ہیں۔وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری جین ساکی کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں حکومت سابق صدر ٹرمپ کے تعاون کا بھی خیر مقدم کرے گا۔واضح رہے کہ امریکا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے تاہم وائرس سے بچاؤ کی ویکسین متعارف ہونے کے بعد بھی وہاں دائیں بازو اور ریپبلکن پارٹی کے حامی حلقوں، ایشیائی اور ہسپانوی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے وبا سے بچاو کی ویکسین لگوانے سے ہچکچا رہے ہیں۔ ایک اور رپورٹ کے مطابق امریکی حکومت نے ویکسی نیشن کے لیے عوامی سطح پر آمادگی بڑھانے کے لیے ایک ارب سے ڈالر سے زائد کی اشتہاری اور ترغیبی مہم کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں