گندم کی قیمت بڑھنے کے باوجود آٹا مہنگا نہیں ہو گا، شبلی فراز

سینیٹر شبلی فراز کا کہناہے کہ گندم کی امدادی قیمت 1800روپے فی من مقرر اور سستے آٹے کے لیے سبسڈی کا اعلان وزیراعظم عمران کی کسان دوستی کا واضح ثبوت ہے، تحریک انصاف کی وفاقی اور صوبائی حکومتیں عام آدمی کو سستے داموں آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کیلیے پرعزم ہیں، گندم کی امدادی قیمت میں اضافے کے باوجود آٹا مہنگا نہیں ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ صارفین کو فائدہ پہنچانے کیلیے سبسڈی دے رہے ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس امر کو یقینی بنائیں گی کہ ان کا نصف اسٹریٹجک ریزرو 5 ملین ٹن درآمدہ گندم کے ذریعے ہو، نصف اسٹرٹیجک ضروریات پوری کرنے کے لئے حکومت جب گندم بیرون ممالک سے حاصل کریگی تو گندم کی گھریلو دستیابی پر دباؤ کم ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ گندم کی خریداری کیلیے بینکنگ کریڈٹ لائینز صرف آٹے کی ملوں اور ان لوگوں کے لئے دستیاب ہونگی جو حکومت کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں، کریڈٹ لائن کی درخواست میں گندم کیلئے ذخیرہ کرنیوالے مقامات کا ذکر ہوگا، آٹے کی ملیں جتنی چاہیں گندم حاصل کرسکتی ہیں لیکن یہ لازم ہوگا کہ ملیں گندم کو پیس لیں اور اسے مزید فروخت کیلیے ذخیرہ اندوزی نہ کریں، حکومت ذخیرہ اندوزی کو روکنے کیلئے اقدامات یقینی بنائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں