یوم پاکستان کی فوجی پریڈ کا شاندار انعقاد

یوم پاکستان کی پریڈ میں تینوں مسلح افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسزکے دستوں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا، لڑاکا طیاروں نے فضاء میں کرتب دکھائے اور ناظرین پر سحر طاری کردیا۔ پاک فضائیہ نے اپنی مہارت سے ثابت کردیا کہ پاکستانی شاہین کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔پاکستان سے اظہار یکجہتی کےلیے برادر ملک ترکی سے آئے سولو ایروبیٹکس کی دنیا کے بے تاج بادشاہ سولو ترک نے اپنی جنگی مہارت کے جوہر دکھائے۔ یوم پاکستان کی پریڈ میں کنگ آف بیٹل آرمڈ کور میں شامل ٹینکوں، توپ خانوں، ریڈار کنٹرول اور ایئر ڈیفنس کے دستوں کا شاندار دبدبہ بھی دیکھنے میں آیا۔ جدید میزائل ٹیکنالوجی بابر کروز، نصر، غزنوی اور شاہین میزائلوں نے دشمن کے دل دہلادیے۔ پریڈ میں شاندار ڈرون طیارے شاہپر ٹو اور مسلسل کئی گھنٹے پرواز کی صلاحیت رکھنے والے البراق کی نمائش بھی کی گئی۔پریڈ دیکھنے والوں میں حکومتی و عسکری شخصیات، غیر ملکی سفارت کار اور عام شہری شامل تھے جبکہ چاروں صوبوں، گلگلت بلتستان، آزاد کشمیر کے وفود نے شرکت کی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور اس عزم کو دہرایا کہ پاکستانی قوم اپنے اوپر کسی بھی حملے سے نمٹنا جانتی ہے۔ پریڈ میں قومی جذبہ اور یکجہتی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ ایس ایس جی کے کمانڈوز نے اللہ ہو کے نعرے لگاتے ہوئے ناظرین پر سحر طاری کردیا۔ اس موقع پر کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر (ایس او پیز) کا خیال رکھا گیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں