دھرمیندر کی خرابی صحت کی وجہ سے فلم ’اپنے ٹو‘ کی شوٹنگ ملتوی

ممبئی: لیجنڈری اداکار دھرمیندر کی خرابی صحت کے باعث فلم ’اپنے ٹو‘ کی شوٹنگ دوسری بار ملتوی کردی گئی۔بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر ان دنوں اپنے دونوں بیٹوں سنی دیول اور بوبی دیول کے ہمراہ 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’اپنے‘‘ کے سیکوئل کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کی ہدایت کاری انیل شرما دیں گے جب کہ فلم میں سنی دیول کے بیٹے کرن دیول بھی پہلی بار دیول خاندان کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔ہدایت کار انیل شرما نے ایک انٹریو میں بتایا کہ ہم نے رواں ماہ فلم ’اپنے ٹو‘ کی شوٹنگ ملتوی کردی جس کی وجہ بھارت میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز ہیں اور ہمارے لیے فلم مقررہ وقت پر ختم کرنے سے زیادہ اہم اداکار دھرمیندا کی صحت ہے۔شوٹنگ دوبارہ شروع کرنے سے متعلق سوال پر انیل شرما کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا کیوں کہ ابتدائی طور پر فلم کی شوٹنگ پنجاب میں ہونا تھی جو اب کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے ممکن نہیں لہذا اب پنجاب کے بجائے لندن میں فلم کا ابتدائی حصہ شوٹ کیا جائے گا جس کے بعد پنجاب اور ممبئی میں شوٹنگ مکمل کی جائے گی۔واضح رہے 2007 میں ریلیز ہونے والے فلم ’اپنے‘ میں لیجنڈری اداکار دھرمیندر، سنی دیول اور بوبی دیول کے ہمراہ کترینہ کیف اور شلپا شیٹھی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں