اظہار رائے کی آزادی کے نام پر کسی بھی مذہب کی توہین نہیں ہونی چاہئے: منیر اکرم

نیویارک (آواز رپورٹ) سابق وزیر اطلاعات پنجاب احمد وقاص ریاض نے یو این او میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم سے پاکستان مشن میں ملاقات کی اور مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ ایمبسیڈر منیر اکرم نے کہا کہ چین اور امریکہ دو بڑی سوپر طاقتیں ہیں اور دونوں کے ساتھ تعلقات رکھنا ہمارے مفاد میں ہے جبکہ امریکی فورسز کے افغانستان سے انخلا کے بعد کیا صورتحال ہوتی ہے کچھ کہنا مشکل ہے تا ہم ہمیں امید ہے دونوں دھڑے افغانستان میں مستقل امن کیلئے اپناکردار ادا کریں گے۔ فرانس کے حوالے سے سفیر کا کہنا تھا ہمیں گھراﺅ جلاﺅ کے بجائے پر امن احتجاج کرنا چاہئے اس سلسلے میں ہم اقوام متحدہ میں اس مسئلے کو اٹھا رہے ہیں کہ کسی بھی مذہب کی توہین آ زادی رائے کے نام پر نہیں ہونی چاہئے۔ بھارت کے ساتھ بیک ٹریک ڈپلومیسی کے حوالے سے مستقل مندوب کا کہنا تھا تعلقات میں بہتری دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے تا ہم کشمیر کے مسئلے کے مستقل حل تک دونوں ہمسایہ ملکوں میں تعلقات کی مکمل بحالی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا بھارتی ریاستی دہشت گردی پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔ ملاقات کے اختتام پر سابق صوبائی وزیر احمد وقاص نے مستقل مندوب منیر اکرم کو یونائیٹڈ نیشن کی اکنامک و سوشل کونسل (ECOSOC) کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں