اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جب تک زندہ ہوں شریف خاندان کونہیں چھوڑوں گا۔وزیر اعظم عمران خان نے عوام سے براہ راست پوچھے گئے سوالات کے جواب میں کہا کہ کورونا کی پہلی اور دوسری لہر میں قوم نے ایس او پیز پر عمل کیا، اللہ تعالیٰ نے کرم کیا اور ہم پہلی اور دوسری لہر سے کامیابی کے ساتھ نکلے، کورونا کی تیسری لہر خطرناک ہے، بھارت کے حالات سب کے سامنے ہیں، بنگلا دیش میں بھی کیسز تیزی سے اوپر جارہے ہیں، بھارت میں کیسز مزید تیزی سے بڑھتے جارہےہیں، وہاں لوگ سڑکوں پر مر رہے ہیں، آکسیجن کی کمی ہے، خوش آئند بات ہے کہ پاکستان میں کیسز تیزی سے اوپر نہیں جارہے۔
عید کی پیشگی مبارک باد
وزیر اعظم نے کہا کہ عوام ایس او پیز پرعمل کریں کہ لاک ڈاؤن نہ کرنا پڑے، لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ غریب لوگ متاثر ہوتے ہیں، قوم سے اپیل ہے کہ ماسک پہنیں اور سماجی فاصلے پر عمل کریں، عید کی چھٹیوں میں ماسک لازمی پہنیں اور لوگوں کو کورونا سے بچائیں، وہ قوم کو عید الفطر کی پیشگی مبارک باد دیتے ہیں۔
’لوگوں کے پاس پیسہ آرہا ہے اس لیے گاڑیاں خرید رہے ہیں‘
وزیراعظم نے کہا کہ آج ڈالر 152 روہے پر آگیا ہے جو 160سے اوپر چلا گیا تھا، موٹر سائیکلوں کی فروخت میں 21 فیصد اور گاڑیوں کی سیل میں 20فیصد اضافہ ہوا ہے، واضح ہوگیا معیشت درست سمت میں ہے لوگوں کے پاس پیسہ آرہا ہے اس لیے گاڑیاں خرید رہے ہیں۔
’جب تک زندہ ہوں شریف خاندان کونہیں چھوڑوں گا‘
وزیر اعظم نے کہا کہ نوازشریف جھوٹ بول کر باہر چلے گئے ان کے بیٹے باہر ہیں، میں نے بیرون ملک اپنا فلیٹ بیچا اور پیسہ پاکستان لایا لیکن عدالت میں اس کا جواب دیا، اگر نواز شریف نے چوری نہیں کی تو عدالتوں کا سامنا کیوں نہیں کرتے، عدالتیں آزاد ہیں، اگر آپ بے قصور ہیں توپاکستان آئیں، مریم نواز کے نام پر لندن میں 4 بڑے بڑے محل ہیں، برطانوی وزیراعظم ان گھروں میں نہیں رہ سکتاجن میں ان کے بچےرہ رہےہیں ، جب تک زندہ ہوں شریف خاندان کو نہیں چھوڑوں گا، اس بار شریف خاندان کو این آر او نہیں ملے گا۔
خطےمیں پیٹرول کی سب سے کم قیمت پاکستان میں ہے
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا سب سےبڑامسئلہ مہنگائی ہے، شوکت ترین کو اس لیے لایا کہ وہ مہنگائی میں کمی لانے کے لئے اقدامات کریں، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے براہ راست مہنگائی ہوتی ہے، اس لیے خطےمیں اس وقت پیٹرول کی سب سےکم قیمت پاکستان میں ہے، پوری دنیا میں چیزیں مہنگی ہوئی ہیں۔