نیویارک کے علاقے لانگ آئیلنڈ میں فلسطینیوں کے حق میں بڑا مظاہرہ، اسرائیلی جارحیت کی مذمت

نیویارک ( آواز رپورٹ)فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف دنیا بھر کی طرح امریکہ میں بھی احتجاجی مظاہرے جاری ہیں اس سلسلے میں امریکہ کی سب سے بڑی کاؤنٹی لانگ آئیلنڈ کی ناسا کاؤنٹی میں سب سے بڑا مظاہرہ منعقد ہوا. جس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی. ناسا کاونٹی لیجسلیٹو بلڈنگ کے باہر مسلم کمیونٹی آف ناسا (MCNC)کے زیراہتمام منعقدہ مظاہرے سے قبل جمعہ کی نماز باجماعت ادا کی گئی. بعد ازاں بلڈنگ کے لان میں مظاہرہ منعقد ہوا جس سے پاکستانی و مسلم کمیونٹی کی اہم شخصیات اور مختلف مذاہب کے مذہبی پیشوا، پادریوں، رعبائیوں اور دیگر نے خطاب کیا اور فلسطینیوں پر وحشیانہ اسرائیلی تشدد اور قتل عام کی بھرپور مذمت کی گئی. مقررین نے بیت ال مقدس کی مسجد کی بے حرمتی اور نمازیوں پر فائرنگ کی بھی مذمت کی اور اسے انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیا. مظاہرے میں فلسطینی مر و خواتین بھی شریک ہوئے اور اپنے فلسطینی بھائی بہنوں کے لئے اپنے بھرپور جذبات کا اظہار کیا.مذہبی پیشواؤں نے اسرائیلی فورسز پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی بچوں اور بے گناہوں کا قتل عام بہت بڑا المیہ ہے عالمی برادری کو مشرق وسطی میں امن کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے.شرکاء میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل تھے. نوجوان لڑکے لڑکیوں اسرائیل کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا.اگرچہ مظاہرہ ناسا کاؤنٹی لیجسلیٹو اسمبلی کے باہر منعقد ہوا مگر اسمبلی کا کوئی رکن شریک نہ ہوا نہ ہی لانگ آئیلنڈ اور نیویارک کے کسی بھی میڈیا نے اس قدر اہم اور بڑے ایونٹ کو کور کیا. منتظمین کے مطابق مقامی میڈیا کو کیوریج کے لئے مدعو کیا گیا تھا مگر کسی نے شرکت نہیں کی. دوپہر تین بجے سے شام پانج بجے تک جاری مظاہرہ اسرائیل جارحیت کے خلاف مذمتی قرارداد کی منظوری کے ساتھ اختتام پذیر ہوا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں